نئی دہلی:8 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے مودی پر راست نشانہ لگایا ہے ۔ انہوں نے پیر کو کہا کہ عوام کے پاس مودی کے جھوٹ سے بچنے کا ایک ہی طریقہ ہے۔ اور وہ یہ ہے کہ عوام اس الیکشن میں مودی کے ہونٹوں کو ’لکیو پلاسٹ ‘لگا کر سیل کر دے۔ ایسا کرنے سے پی ایم مودی جھوٹ نہیں بول پائیں گے۔ سی ایم ممتابنرجی کا یہ بیان مودی کے مغربی بنگال کے دوسرے دورے کے بعد آیا ہے۔کوچ وہار کی ریلی میں مودی نے کہا کہ تھا کہ آج مغربی بنگال میں حالات ایسے ہیں کہ لوگ ’دیدی‘ سے زیادہ’ مودی مودی‘ بول رہے ہیں۔ اور اس کی وجہ سے وزیر اعلی کی راتوں کی نیند اڑ گئی ہے۔اپنی ریلی کے دوران ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی کے پاس کسانوں اور متوسط طبقہ کے مسائل پر توجہ دینے کا وقت نہیں ہے؛ کیونکہ وہ اپنے پانچ سال کی مدت میں ساڑھے چار سال دنیا ہی گھومنے میں مصروف رہے۔ بنرجی نے الزام لگایا کہ جب انتخابات قریب آ رہے ہیں تو مودی ہر کسی کو ڈرا دھمکا رہے ہیں اور جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اگر جھوٹ بولنے کا کوئی مقابلہ ہوا تو مودی کو اس میں پہلا انعام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں لوگ ان کے ہونٹوں پر لکیو پلاسٹ لگائیں گے تاکہ وہ جھوٹ نہ بول پائیں۔ ملک کے خاطر انہیں نہ صرف کرسی سے (وزیر اعظم کے عہدے) بلکہ سیاست سے بھی باہر کردینا چاہئے۔